Type Here to Get Search Results !

بھارتی دہشت گردی کو پوری دنیا میں اجاگر کیا، ڈی جی آئی ایس پی آر


 بھارتی دہشت گردی کو پوری دنیا میں اجاگر کیا، ڈی جی آئی ایس پی آر

DGISPR Major Babar Iftikhar

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ بھارتی دہشت گردی کو پوری دنیا میں اجاگر کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے گلوبل ویلیج اسپیس کو اہم انٹرویودیتے ہوئے لائن آف کنٹرول کی صورتحال، سی پیک، ففتھ جنریشن وار فیئر سے متعلق سوالات پر تفصیلی گفتگو کی۔

انٹرویو میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھارتی ریاستی دہشت گردی کے خلاف ڈوزیئر کے اہم نکات  کو بھی اجاگرکیا۔

گلوبل ویلیج اسپیس کو دئیے گئے انٹرویو میں میجر جنرل بابر افتخارنے بتایا کہ  بھارت 5 اگست 2019 کے اقدام کے بعد سے ہی عالمی سطح پر کمزور پوزیشن پر ہے ، ڈوزیئر سامنے آنے کے بعد پاکستان کا دیرینہ موقف عالمی برادری پر ثابت ہوا ہے۔


میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی میں بھارت کے ملوث ہونے، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں جیسے ایشوز پر جو کچھ کہتا رہا، ڈوزیئر میں ثبوت سامنے لایا، بھارتی ریاستی دہشت گردی کے ثبوتوں کو عالمی برادری نے بہت سیئریس لیا ہے۔

انھوں نے بتا یا کہ ڈوزیئر سامنے آنے کے بعد دنیا اب بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردی پر کھل کر بات کر رہی ہے،  عالمی فورمز اور ذرائع ابلاغ پر بحث چل نکلی ہے, فارن آفس نے ڈوزیئر کو پی فائیو میں پیش کیا، پھر اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل کو پیش کیا گیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ اب آپ نے دیکھا او آئی سی فورم سے تازہ ترین اعلامیہ سامنے آیا، ہم یہاں رکیں گے نہیں، عالمی سطح پر اس سنگین معاملے کو مزید آگے لے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کو ڈر ہے سی پیک خطے کا گیم چینجر ہے اور سی پیک منصوبہ پورے خطے سے جڑا ہوا ہے، سی پیک پاکستان کا نہیں پورے خطے کی خوشحالی کا منصوبہ ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت کی طرف سے سی پیک پہلے سے ہی سیکیورٹی خطرات کا سامنا کر رہا ہے اور سی پیک بہت سی دہشت گردی کی سرگرمیوں کا نشانہ بھی ہے جبکہ بھارتی سی پیک منصوبے کی ٹائم لائن مکمل نہ ہونے دینے کا فیصلہ کر چکے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں رکاوٹیں ڈالنے سے یہ منصوبہ کہیں نہ کہیں جا کر رک جائے گا، اگر وہ سی پیک کو ترقی کرتا نہیں دیکھنا چاہتے تو اس کا مطلب واضح ہے کہ وہ کیا کر رہے ہیں۔

پاکستان کے خلاف افغانستان کی سرزمین استعمال ہونے پر ہم نے افغان قیادت کو آگاہ کیا اور ہم افغان حکومت کو درپیش مسائل کو تسلیم کرتے ہیں۔

مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ بھارت دنیا کی مقبوضہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کے لیے ایل او سی معاہدے کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے، پاکستان ہمیشہ حالات نارمل کرنا چاہتا ہے، وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا بھارت ایک قدم آگے بڑھائے ہم دو بڑھائیں گے، ہمیں خطے کی صورتحال کو نارملائز کرنے کی ضرورت ہے۔



Tags

Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.